سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

ویب ڈیسک|24ستمبر2019


کراچی:سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے اور انہیں بھرپور سکیورٹی میں ہوٹل منتقل جا رہا ہے۔
سری لنکا کی ٹیم لہیرو تھری مانے کی قیادت میں کولمبو سے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔سری لنکن ٹیم کی آمد کے پیش نظر شہر میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور شاہراہ فیصل پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خصوصی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز نے نیشنل اسٹیڈیم کا انتظام سنبھال لیا ہے۔
سری لنکا کی ٹیم کراچی میں تین ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد لاہور میں تین ٹی20 میچز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27ستمبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 29 ستمبر کو دوسرا اور دو اکتوبر کو تیسرا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔اس کے بعد لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 5، 7 اور 9اکتوبر کو تین ٹی20 میچوں کی میزبانی کرے گا اور 10اکتوبر کو سری لنکن ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی۔نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو آئی لینڈرز دوپہر 2بجے ٹریننگ کریں گے،گرین شرٹس کا پریکٹس سیشن شام 6 بجے شروع ہوگا،اگلے روز دوپہر 2بجے پاکستان ٹیم کی ٹریننگ اور کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس ہونی ہے۔ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد مہمان کپتان لاہیرو تھریمانے میڈیا سے بات کریں گے، سری لنکا ٹیم کی ٹریننگ شام 6بجے ہوگی، جمعے کو پہلا ون ڈے سہ پہر 3 بجے شروع ہونا ہے۔
دوسری جانب ون ڈے سیریز کیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی، وینیو کا کونا کونا اب کیمروں کی نظرمیں ہوگا،اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے کام شروع کردیا۔
مختلف ایریاز میں 80 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کردیے گئے، انکلوژرز،گراؤنڈ، پویلین اوراسٹیڈیم کے اندرونی ایریاز کیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے،گراؤنڈ کے چاروں اطراف،ملحقہ سڑکیں اورعمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی،جدید کیمروں کے ذریعے اسٹیڈیم میں بیٹھے ہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی،اسٹیڈیم کے باہرسے گزرتی ایک ایک گاڑی کوبھی مانیٹرکیا جائیگا۔کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی نگرانی سیکیورٹی ادارے کریں گے، رش سے بچنے کیلیے شائقین کو میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کردی جائے گی، تماشائی کم از کم5 مقامات پر چیکنگ کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اپنے اسٹینڈز تک پہنچ پائیں گے۔
یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔پاکستان سپر لیگ کے میچز کے کامیاب انعقاد کی بدولت اس دوران ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے ٹیمیں پاکستان آتی رہیں لیکن کسی بھی ٹیم نے اب تک لگاتار ون ڈے اور ٹی20 سیریز نہیں کھیلی۔ابتدائی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ٹیم بھیجنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن بعدازاں دونوں بورڈ نے پہلے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور ان میچ کے دوران کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کو مدنظر رکھ کر دسمبر میں ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔اس دوران سری لنکن ٹیم کا دورہ اس وقت کھٹائی میں پڑ گیا جب انہیں دورہ پاکستان پر جانے کی صورت میں ٹیم پر دہشت گرد حملے کی دھمکی موصول ہوئی اور 10اہم سری لنکن کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا۔
اس مشکل صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن حکومت کو ٹیم بھیجنے کے لیے قائل کر لیا اور سری لنکن ٹیم کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی کی فراہمی کا وعدہ کیا جس کے بعد اس دورے کی رہا ہموار ہوئی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے