کراچی میں موسلادھار بارش،کرنٹ لگنے سے 2 شہری جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے لاہور میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے

ویب ڈیسک : 27ستمبر 2019
کراچی،لاہور:کراچی میں بارش نے ایک بار پھر جل تھل ایک کر دیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، کئی مقامات پر بجلی بھی غائب ہوگئی۔کراچی میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں، لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات درپیش ہیں، سرجانی ٹاؤن، ملیر، گلشن حدید، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، کورنگی، ملیر، اسٹیڈیم روڈ پر بھی بادل خوب برسے جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔
بارش کی بوندیں برستے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔ گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، ایف بی ایریا، محمود آباد، بلدیہ ٹاون اور کورنگی میں لوگ پریشانی سے دوچار ہیں۔ بارش سے کے الیکٹرک کے ناقص انتظامات کی قلعی کھل گئی، شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں ایک بار پھر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، بارش کے بعد واٹر بورڈ کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں پہنچ گئیں اور پانی نکالنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ادھرچیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالیہ سسٹم سے بارش کا آج آخری روز ہے ، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا جبکہ مختلف علاقوں میں بارش4 بجے تک جاری رہے گی۔چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ مون سون کا پانچواں اسپیل ہے، 23ستمبر سے شروع ہونے والے سلسلے کا آج آخری دن ہے ، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا اور مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ 4 بجے تک جاری رہے گا۔سردارسرفراز نے کہا کل شام یاپرسوں تک سمندری ہوائیں بھی بحال ہوجائیں گی، سمندری ہوائیں بحال ہونے پر شہر کا موسم 5 ، 6 اکتوبر تک اچھا رہنے کا امکان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 28 یا 29 کے بعد سے موسم جزوی ابرآلود رہے گا۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا 5 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے لاہور میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے لاہور سمیت دیگر نشیبی علاقے سیلاب کی زد میں آنے کا خدشہ ہے، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے