ٹی20سیریز،پاکستان اورسری لنکن ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

سپورٹس ڈیسک|03اکتوبر2019
لاہور:پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے لاہور میں ڈیرے جما لیے، 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔‏ون ڈے سیریز کا اختتام ہوا پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کے ساتھ اب ہوگی ٹی ٹوئنٹی سیریز جس کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے لاہور میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔
دونوں ٹیمیں کراچی سے الگ الگ فلائٹس کے ذریعے لاہور پہنچیں، پاکستان کرکٹ ٹیم صبح کراچی سے لاہور پہنچیں۔
قومی ٹیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ٹی 20 اسکواڈ میں جگہ بنانے والے بلے باز احمد شہزاد نے بھی ٹیم کو ہوٹل میں ہی جوائن کر لیا ہے۔
ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد کھلاڑی تازہ دم اور خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے تھے جبکہ ہوٹل پہنچنے پر قومی کرکٹرز کو گلدستے پیش کیے گئے اور پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
بعد ازاں سری لنکا کی ٹیم سہہ پہر میں کراچی سے لاہور پہنچی، مہمان ٹیم کا بھی نجی ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔دونوں ٹیمیں جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی بھی ہو گی اور دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز پریس کانفرنس بھی کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ادھر سری لنکن ٹیم کی آمد پر لاہور میں سکیورٹی انتہائی الرٹ ہے اور قذافی سٹیڈیم کے گرد حفاظتی حصار قائم کردیا گیا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کل دن 3بجے اور سری لنکن ٹیم شام 7بجے پریکٹس کرے گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے