بھارتی فضائیہ نے 27 فروری کو اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے کی غلطی مان لی

ویب ڈیسک : 04اکتوبر2019
نئی دہلی:بھارتی فضائیہ کے سربراہ کمار بھدوریہ نے 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر دورانیے کی فضائی جھڑپ کے دوران غلطی سے اپنا ہی ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 چوپر گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے بڑی غلطی قرار دے دیا ہے۔ایم آئی 17 چوپر سری نگر کے علاقے بڈگام میں تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔اگست میں کی گئی تحقیقات کے نتائج کے مطابق 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نے ایم آئی 17 چوپر کو مار گرایا تھا۔
بھارت نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق کی تھی لیکن سرکاری بیان میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا جبکہ پاک فضائیہ نے نوشہرہ میں بھارت کے ساتھ فضائی جھڑپ کی تصدیق کی تھی لیکن ساتھ ساتھ واضح کیا تھا کہ ان کے طیاروں کا چوپر کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔جمعے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کیونکہ ہمارے اپنے ہی میزائل نے چوپر کو مار گرایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور دو افسران کے خلاف کارروائی کریں گے، ہم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ ہوں۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ کمار بھدوریہ نے کہا کہ اس حادثے میں مرنے والے تمام افراد کو بھارتی فضائیہ جنگ میں ہونے والی اموات قرار دینے کا سوچ رہے ہیں۔
تحقیقات کے دوران بھارتی فضائیہ کی کئی غلطیاں منظر عام پر آئیں جیسا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جھڑپ میں شدت آنے پر ایئر ٹریفک کنٹرول نے ہیلی کاپٹر کو واپس طلب کیا۔تحقیقات میں کہا گیا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس مشکل صورتحال میں ہیلی کاپٹر کو واپس فضائی اڈے پر طلب کرنے کے بجائے کسی محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کی جاتی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے