لاہور میں پاک سری لنکا کرکٹ میلہ سج گیا

قذافی اسٹیڈیم میں ٹیموں کی پریکٹس،ٹرافی کی رونمائی

سپورٹس ڈیسک | جمعہ 04اکتوبر2019

لاہور: لاہوریوں کا انتظار ختم،پاک سری لنکا ٹی 20سیریز کا میلہ سج گیا۔مال روڈ،قذافی اسٹیڈیم اور گلبرگ مین بلیووارڈ،لبرٹی میں قومی اور مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی تصاویر سے سجے فیلیکس آویزاں کردیے گئےہیں جبکہ سیکورٹی مقاصد کے لیے نصب سرچ لائٹس سے مال روڈ سے لے کر قذافی سٹیڈیم تک کا علاقہ روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔سٹیڈیم میں بھی سرشام فلڈ لائٹس روشن کردی گئیں۔آج شام دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں علیحدہ علیحدہ نیٹ پریکٹس کی۔

قبل ازیں پاکستانی ٹیم کو سہ پہر 3بجے اور سری لنکن ٹیم کو 6بجے پی سی ہوٹل سے کڑے حفاظتی حصار میں سٹیڈیم لایا گیا۔ٹیموں کے روٹس کو بیریئر لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ جگہ جگہ پولیس اہلکار الرٹ رہ کر ڈیوٹی دیتے رہے۔
قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹی 20سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے، سیریز میں ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آسان نہیں ہوگی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے دونوں کو پورا موقع دیں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خواہش ہے عمر اکمل اور احمد شہزاد اچھا پرفارم کریں، فاسٹ بولر محمد حسنین کو بھی اس سیریز میں کھلائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں وہ پاکستان خوشی سے آئے ہیں امید ہے کہ وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی سخت ضرور ہے لیکن یہ سب کی حفاظت کیلئے ہے اس کا مستقبل میں فائدہ ہوگا۔

پاکستان ایک مشکل ٹیم ضرور ہے لیکن ہمارے کھلاڑی پُرعزم ہیں، سری لنکن کپتان

سری لنکن کپتان داسن شانکا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی اچھا مقابلہ کریں گے، پاکستان ایک مشکل ٹیم ضرور ہے لیکن ہمارے کھلاڑی پُرعزم ہیں۔مہمان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اُنہیں اُمید ہے کہ سینئر کھلاڑی ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گے، آنے سے قبل اُنہوں نے سینئر کھلاڑیوں کو آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں یہاں بہت اچھی سکیورٹی ملی ہے۔
اس دوران ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی ایک بار پھر رونمائی کی گئی جس میں کپتانوں کا عزم بتارہا تھا کہ وہ اُسے اپنے نام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتہ 5 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے