شاہینوں کی بیٹنگ نہ چل سکی،سری لنکا64رنز سے کامیاب

سپورٹس ڈیسک| ہفتہ05اکتوبر2019
لاہور:شاہینوں کی بیٹنگ نہ چل سکی،مہمان ٹیم سری لنکا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا۔جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ فہیم اشرف کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی تاہم عمر اکمل اور احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے۔
قبل ازیں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر دنوشکا گوناتھلاکا 57 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔محمد حسنین نے 16 ویں اوور کی آخری گیند پر بھانوکا راجاپاکسا کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد 19 ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر ڈاسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو پویلین کو راہ دکھائی۔وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر بن گئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احمد شہزاد نے کیا تاہم 13 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے عمر اکمل پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 22 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی صرف 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔کپتان سرفراز احمد اور افتخار احمد نے کچھ مزاحمت کی تاہم دونوں بالترتیب 24 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد آصف علی 6، عماد وسیم 7 اور فہیم اشرف 8 رنز بناکر چلتے بنے۔پاکستان کے آخری محمد عامر تھے جو صرف ایک رنز بناسکے۔ سری لنکا کی جانب سے پرادیپ اور اوڈانا نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈی سلوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، دنوشکا گوناتھلاکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔گرین شرٹس اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں، دوسری ٹیم سری لنکا کی ہے جس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل تو ضرور جیتا ہے لیکن اس وقت اس کی رینکنگ نمبر 8 ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی 7 اکتوبر اور تیسرا 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی گئی جو پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی جبکہ پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے محمد حسنین نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے 19 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بولر ہیں۔محمد حسنین نے افغانستان ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان سے یہ اعزاز چھینا ، جنہوں نے 20 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔
واضح رہے کہ محمد حسنین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ہیٹ کرنے والے دوسرے بولر ہیں، ان سے قبل 2017 میں فہیم اشرف نے سری لنکا ہی کے خلاف دبئی میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔فاسٹ بولر محمد حسنین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے نویں بولر ہیں-

میچ کے بعد ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئےسری لنکن ٹیم کے کپتان دسن شاناکا نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کھیلنے کو تیار ہیں۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں ٹی ٹونٹی ٹیم میں کوئی ٹیم آسان نہیں، سری لنکن ٹیم نے آج کے میچ مین ہم سے بہت اچھا کھیلا ہے اور باؤلنگ کے شعبے میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔اُن کا کہنا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد نے ماضی میں اچھا کھیلا، امید ہے اگلے میچوں میں دونوں کھلاڑی اچھی فارم میں ہوں گے، ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مسلسل کارکردگی دکھانا مشکل ہوتا ہے، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو اگلے میچوں میں ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔کپتان کا کہنا تھا کہ ’’احمد شہزاد کو بطور اوپنر کھلانا تھا اس وجہ سے فخر زمان کو ریسٹ کرایا، جو لڑکے ٹیم میں کھلائے ہیں ان کو پورا موقع دیا جائے گا، شاداب ایسا باؤلر ہے جس نے ماضی میں اچھا کھیلا وہ امکان ہے وہ فارم میں واپس آئے گا‘‘۔دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان دسن شاناکا کا کہنا تھا کہ چھ سال بعد نمبر ون ٹیم کے خلاف کامیابی پر بہت خوشی ہے، ہم نے آج اچھی کرکٹ کھیلی اس لیے فتح ملی۔اُن کا کہنا تھا کہ ’’محمد حسنین بہترین کھلاڑی ہیں، دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس کی تھی جس سے بہتر نتائج سامنے آئے، تمام سری لنکن کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کھیلنے کو تیار ہیں ، لیگ کھیلنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی‘‘۔اپنے پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا کہنا تھا کہ نیا گیند کرنے میں مشکل ہوئی کوشش کروں گا آگے بہتر پرفارم کروں گا، وہاب اور محمد عامر سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، امید ہے مجھے ٹیسٹ میں بھی کھیلنے کا موقع ملے گا، پہلی بار ہوم گراؤنڈ مین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کر بہت اچھا لگا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے