مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسومیں مسجد پر حملہ، 16 نمازی جاں بحق

ویب ڈیسک : 13اکتوبر2019
سالموسی:مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں مسلح افراد نے مسجد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16 نمازی جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق برکینافاسو کے شہر سالموسی میں واقع جامع مسجد میں رات گئے حملہ کیا گیا جہاں 13 نمازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے اور دیگر تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
قریبی قصبے کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بعد شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، فوج کی موجودگی کے باوجود تناؤ کا ماحول پایا جاتا ہے۔مسجد پر حملے کے بعد ایک ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت اواگادوگو کی جانب امن مارچ کیا اور افریقہ میں غیر ملکی فوجی بیسز کی موجودگی اور دہشت کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کے منتظمین میں شامل گیبن کوربیوگو کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کے لیے دہشت گردی ایک اچھا بہانہ مل گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘فرانسیسی، امریکی، کینیڈین، جرمن اور دیگر فوجوں نے ہمارے خطے میں قدم جمارکھے ہیں اور کہتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لیکن اس قدر موجودگی کے باوجود دہشت گر گروپ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افریقہ کا غریب ملک برکینا فاسو 2015 تک دہشت گردی کی خطرناک لہر کی لپیٹ میں تھا جس سے پڑوسی ممالک مالی اور نائیجر بھی متاثر ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برکینا فاسو میں القاعدہ کے چند گروپ اور داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں نے شمال اور مشرقی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جو بعد جنوبی اور مغربی علاقوں تک پھیل گیا تھا۔
اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مائنز اور خود کش حملوں سمیت دیگر انداز میں کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں جس کے نتیجے میں کم ازکم 600 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
برکینا فاسو کی دفاعی فورسز ہتھیاروں کی کمی اور ناقص تربیت کے باعث دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی سے قاصر ہیں جبکہ فرانس کے 200 فوجی بھی ملک میں موجود ہیں جو مختلف کارروائیوں میں حصہ لیتے ہیں-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے