ٹڈی دل نے صادق آباد کےچولستانی علاقوں میں تباہی مچا دی

ویب ڈیسک : 13اکتوبر2019
صادق آباد:بھارت سے آنے والی ٹڈی دل نے صادق آباد کےچولستانی علاقہ میں تباہی مچا دی۔درجنوں دیہات ٹڈی دل کی زد میں آگئے ہیں۔ٹڈی دل کی فوج نے کپاس کی فصل اور باغات کوشدید نقصان پہنچایاہے۔ہفتے کے روز چک نمبر 212 کے قریب بھارتی سائیڈ سے آنے والی ٹڈی دل کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہونے کے بعد اب اس کی تعداد لاکھوں تک جا پہنچی ہے جبکہ متاثر ہونے والے دیہات میں اب چک نمبر 267.268اور 266 بھی شامل ہوچکے ہیں۔درجنوں نواحی آبادیوں میں بھی فصلوں پر ٹڈی دل موجود ہے جوکہ کپاس کی فصل اور باغات میں تباہی مچارہی ہے۔مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔کہیں جال لگا کر ٹڈی دل کو پکڑا جارہا ہے تو کہیں روایتی ڈبے بجا کر شور کرکے ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ٹڈی دل کے انسداد کے اقدامات اجلاسوں تک محدود ہیں جبکہ ٹڈی دل نے چولستانی دیہات میں تباہی مچا رکھی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کی فوج کی فوج ان کی فصلوں پر حملہ آور ہوکر انہیں نقصان پہنچا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر اور محکمہ زراعت،پلانٹ پروٹیکشن کے عملے نے ٹڈی دل کا فوری تدارک نہ کیا تو یہ چولستان سے نکل کر ضلع کے دیگر علاقوں میں فصلوں پر حملہ کرسکتی ہے۔علاقے میں ہنگامی طور پر جہاز کے ذریعے سپرے کرکے ٹڈی دل کا خاتمہ کیاجاۓ۔ادھر میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے عملے نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں سپرے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔دیہاتیوں کا کہنا ہے ایک سپرے مشین سے لاکھوں ٹڈی دل کو ختم کرنا ممکن نہیں انہوں نے فوری طور پر جہاز کے ذریعے سپرے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے