آئی سی سی کے اجلاس میں اہم فیصلے،سپر اوور قوانین تبدیل

ویب ڈیسک|14اکتوبر2019
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بین الاقوامی مقابلوں کے سیمی فائنل اور فائنلز میں سپر اوور کے قوانین میں اہم تبدیلی کردی ہے۔آئی سی سی کے مطابق اب ناک آؤٹ میچ میں سپر اوور ٹائی ہونے پر باؤنڈریز نہیں گنی جائیں گی بلکہ دوبارہ سپر اوور کھیلا جائے گا۔
دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ آئی سی سی کے ون ڈے اور ٹی 20 ایونٹس میں میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سپر اوور کا قانون برقرار رہے گا۔گروپ میچز میں اگر سپر اوور کے بعد بھی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا تو میچ بے نتیجہ (ٹائی) ہوجائے گا۔تاہم سیمی فائنل یا فائنل میچ ٹائی ہونے کی صورت میں سپر اوور اس وقت تک کھیلا جائے گا جب تک ایک ٹیم دوسری ٹیم سے زیادہ اسکور نہیں کرلیتی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل میچ ٹائی ہوا تھا جس کے بعد سپر اوور میں بھی کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوسکا تھا۔اس کے بعد زیادہ باؤنڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا اور اس قانون پر آئی سی سی کو کڑی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا ۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اجلاس میں آئی سی سی ایونٹس کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔2023 سے 2031 تک ہر سال مردوں اور خواتین کا ایک ایک آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔ان 8 سالوں میں مجموعی طور پرمردوں کے 8، خواتین کے 8، انڈر 19 مینز کے چار اور انڈر 19 ویمنز کے بھی چار ایونٹ ہوں گے۔
آئی سی سی نے خواتین کا انڈر 19 ورلڈ کپ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ ٹی 20 فارمیٹ پر ہونے والے ویمن انڈر 19 ایونٹ کا پہلا ٹورنامنٹ بنگلا دیش میں2021 میں ہوگا اور ہر دو سال بعد یہ ایونٹ کھیلا جائے گا۔آئی سی سی نے خواتین مقابلوں کی انعامی رقم میں بھی اضافہ کردیا ہے ، اگلے سال ویمن ورلڈ ٹی 20 کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ ویمن ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم کو بھی 20 لاکھ سے بڑھاکر 35 لاکھ کردیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اجلاس میں زمبابوے اور نیپال کی رکنیت بھی بحال کردی ہے جس کے بعد یہ ٹیمیں آئندہ سے آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے