برطانوی شاہی جوڑے کی صدر پاکستان اور وزیراعظم سے ملاقات

شہزادہ ولیم کا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قربان ہونے والے پاکستانیوں کو خراج عقیدت

ویب ڈیسک : 15اکتوبر2019

اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی ہے۔شاہی مہمانوں کی وزیراعظم ہاوس آمد پر عمران خان نے ان کا استقبال کیا۔
صدر مملکت عارف علوی سے معزز مہمانوں کی ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ماحولیات اور تعلیمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
مہمانوں کو پاکستان میں عوامی فلاح کے منصوبوں، غربت کے خاتمے اور ماحولیات کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، زلفی بخاری اور ثانیہ نشتر سمیت کابینہ کے پانچ ارکان نے شرکت کی۔
قبل ازیں شہزادے ولیم اورکیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے ماڈل کالج برائے خواتین کا دورہ بھی کیا۔ کالج کی انتظامیہ نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا۔شہزادے نے اسکول کے بچوں سے بات چیت بھی کی اور تصویر بھی بنائی۔
برطانوی شاہی جوڑا پانچ روز دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں اور سیاحتی مقامات کی سیر بھی شاہی جوڑے کے شیڈول میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ 13سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔برطانوی شہزادی کی مشرقی لباس میں پاکستان آمد نے شہریوں کے دل جیت لیے ہیں۔14 اکتوبر کو رات 09:30 پر برطانوی شاہی ایئر فورس کا طیارہ نور خان ایئر بیس پر شہزادے اور شہزادی کو لے کر اترا۔پاکستان آمد کے موقع پر کیٹ مڈلٹن نے فیروزی رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کیا تھا، اس کے ساتھ انہوں نے پاکستانی برانڈ زِین کے بندے بھی پہن رکھے تھے۔کنگسٹن محل کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ دورہ کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کی جانب سے کیے گئے پاکستان کے دوروں میں سب سے پیچدہ ہے، یہ بیان پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے دیا گیا۔شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جانب سے زیب تن کیے گئے لباس نے پاکستانی عوام کے دل موہ لیے ہیں اور پاکستانیوں کے ذہن پر نقش شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا کے دورہ پاکستان کی یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ کیا یہ حسن اتفاق ہے یا شہزادی مڈلٹن نے دانستہ طور پر اپنی ساس کی پاکستان آمد پر پہننے
والے رنگ کا لباس زیب تن کیا؟

ایک اور ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈیانا اور کیٹ مڈلٹن کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا مگر پہلی دِلوں کی ملکہ ہیں اور دوسری پیکرِ حسن۔ایک شہری نے لکھا کہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان آمد پر شہزادی ڈیانا کے پسندیدہ ڈیزائنر کا لباس زیب تن کیا جس میں وہ انتہائی حسین دِکھ رہی تھیں۔

دریں اثنا برطانوی شہزادہ ولیم نے پاکستان کی تعمیر اور ملک کی بقا کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اسلام آباد میں ‘یادگار پاکستان’ پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ولیم نے کہا کہ ‘اتنے کم عرصے میں پاکستان نے کئی مشکلات کا سامنا کیا ہے اور دہشت گردی اور نفرت کے خلاف بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں، آج میں ملک کی تعمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے پاکستان کی زبردست صلاحیت کا اعتراف کیا اور کہا کہ ‘مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قربت کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ‘پاکستان، برطانیہ کو شراکت دار اور دوست سمجھ کر اہم کردار ادا کرنے کے لیے انحصار کر سکتا ہے۔ان کاا کہنا تھا کہ ‘چاہے یہ نسل ہو یا اگلی، میں جانتا ہوں کہ برطانیہ اور پاکستان بین الاقوامی تعاون میں مثال قائم کریں گے۔نوجوانوں میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شہزادہ ولیم نے کہا کہ ‘ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو پیداوار کا انجن بنانے اور ملک کی زبردست صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تعلیم نہایت ضروری ہے-

شاہی جوڑے کی رکشے میں آمد

یادگار پاکستان میں تقریب میں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے ٹرک آرٹ سے سجے رکشے میں سوار ہو کر پہنچے۔

شاہی مہمان جیسے ہی تقریب میں پہنچے ان کا روایتی موسیقی کی دھنیں بجا کر استقبال کیا گیا۔

شاہی جوڑے نے پاکستان کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے سبز رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔شہزادہ ولیم نے پاکستان آمد کے بعد پہلی بار روایتی لباس زیب تن کیا، انہوں نے گہرے ہرے رنگ کی شیروانی اور پاجامہ پہن رکھا تھا جبکہ ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے گہرے سبز رنگ کی میکسی پہنی ہوئی تھی۔تقریب میں کھیل اور شوبز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم، ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، کرکٹر محمد حفیظ، اداکارہ ماہرہ خان، حریم فاروق اور مہوش حیات اور گلوکار عاطف اسلم بھی شامل تھے۔شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر شکر پڑیاں اسلام آباد میں موجود یادگار پاکستان کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے