گجرات: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے لڑکی جاں بحق،4بےہوش

ویب ڈیسک : 16اکتوبر2019
گجرات:ضلع گجرات میں بھمبر روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی سے ایک لڑکی جاں بحق اور 4 دیگر افراد بے ہوش ہو گئے ہیں۔ہلاک ہونے والی لڑکی کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق درجنوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دھویں سے متاثر ہونے والے افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ آگ بجھانے کیلئے فائر فائٹرز مصروف عمل ہیں اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں آپریشن میں استعمال کی جارہی ہیں۔امدادی کارروائیوں میں شامل اہلکاروں کے مطابق 20 کے قریب ایمبولینسز بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔آگ شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق آگ لگنے سے 80فیصد تک عمارت جل کر تباہ ہوگئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے بعد ہی آتشزدگی کی وجوہات معلوم ہو سکیں گی۔
گجرات کے علاقے بھمبر روڈ پر ن لیگی رہنما حاجی اورنگ زیب بٹ کے علینا شاپنگ سنٹر میں صبح 8 بجے پر اسرار طور پر لگنے والی آگ پر 5 گھنٹوں سے قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، ریسکیو کی 14 ٹیموں کے 100 سے زائد اہلکار امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جنہوں‌ نے 100 کے لگ بھگ افراد کو آگ سے نکال دیا ہے جبکہ درجنوں ابھی تک بالائی منزلوں پر محصور ہیں جنہیں نکالنے کیلئےٹیمیں کام کر رہی ہیں.آگ سے 30 دکانیں، 60 فلیٹس اور 20 سے زائد کاریں لپیٹ میں آ گئیں اور کروڑوں کے نقصان کا تخمینہ بتایا جا رہا ہے. آگ بجھانے کیلئے گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سے ریسیکو کی گاڑیاں امدادادی کارروائیاں کر رہی ہیں.شاپنگ مال کی انتظامیہ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی یا لگائی گئی، تاحال معلوم نہ ہو سکا. دوسری جانب دھویں کے باعث بالائی فلورز پر اہلکاروں کو امدادی کارروائی میں دشواری کا سامنا ہے-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے