وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری

ایران کے بعد سعودی قیادت کی بھی امن کیلئے عمران خان کے کردار کی تعریف

ویب ڈیسک : 16اکتوبر2019
اسلام آباد : ایران کے بعد سعودی قیادت نے بھی امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا جبکہ عمران خان نے خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سے ملاقات ہوئی ، دورہ خطے میں امن وسلامتی کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کاحصہ تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا دونوں ممالک میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور وادی میں 70روز سے زائد مسلسل کرفیو سے آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی قیادت نے امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے، سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔سعودی قیادت نے کہا وزیراعظم کی کوششوں سےخطے میں کشیدگی اور تناؤ میں کمی ہوگی جبکہ پاک سعودی قیادت کا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا اور کہا گیا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے کی ضرورت اور صورتحال کی بہتری کے لئے فریقین کے تعمیری رابطوں پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ رہے گا۔
اعلامیہ کے مطابق کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا، سعودی قیادت نے پاکستان سے قریبی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان سے تجارت، توانائی، سلامتی ، دفاع میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے