سرفرازاحمد کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا

اظہرعلی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا

ویب ڈیسک : جمعہ 18اکتوبر2019

لاہور: پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل سرفراز احمد سے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لئے لی گئی۔
‏پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اظہرعلی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، وہ آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔جبکہ بابراعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا، وہ آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔پی سی بی کے مطابق سرفرازاحمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔‏آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
‏اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ‏بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز صحافیوں سے سخت جملوں کے تبادلے اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کپتان سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا تھا تاہم پنجاب کے خلاف سندھ کے پہلے میچ میں میدان میں قیادت کے فرائض مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے سرانجام دیے۔سرفراز احمد نے میچ میں بطور وکٹ کیپر بلے باز شرکت کی اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
میچ کے دوران انہوں نے اسی نمبر پر بیٹنگ کی جس کے حوالے سے انہیں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی آج صبح پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سرفراز احمد کو کپتانی سے دستبردار ہونے کے لیے کہا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سرفراز احمد نے وسیم خان کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ انہیں ڈراپ کر دیا جائے۔سرفراز کے انکار پر پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے انہیں اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا اور کہا کہ فارم بحال کر کے وہ واپس ٹیم میں آسکتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے فیصل آباد میں بابراعظم سے تفصیلی ملاقات کی جس میں انہیں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت دینے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا دیا ہے جس کے بعد اظہر علی ایک بار پھر ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان مقرر کیے گئے ہیں جب کہ بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سونپی گئی ہے تاہم بورڈ نے ابھی ون ڈے کی ٹیم کے کپتان کا اعلان نہیں کیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے