اوباڑو میں ملک اتحاد فاونڈیشن کا فری میڈیکل کیمپ،1500مریضوں کا معائنہ

اوباڑو ( رپورٹ: این اے ملک ) اوباڑو میں ملک اتحاد فاونڈیشن کی جانب سے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ لگایا جس میں کراچی ،رحیم یارخان، سکھر اور اوباڑو کے ماہر ڈاکٹروں نے 1500 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں ادویات بھی دیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک اتحاد فاؤنڈیشن اوباڑو کی جانب سے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس میں کراچی سے امراض قلب کے ڈاکٹر مکیش کمار، رحیم یارخان سے ناک کان گلہ کے ماہر سرجن ڈاکٹر سلیم چوہدری، آرتھوپیڈک ڈاکٹر نوید شمشیر مغل، جنرل فزیشن ڈاکٹر سرفراز شاہ، خواتین کی مختلف بیماریوں کی ماہر ڈاکٹر شگفتہ سرفراز شاہ نے پندرہ سو سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں جبکہ اس طبی کیمپ میں آنے والوں مریضوں کے ہیپاٹائٹس، شوگر، الٹرا ساؤنڈ اور ہڈیوں کے ٹیسٹ اور تشخص بھی مفت کی گئی ،طبی کیمپ میں اوباڑو، کموں شہید، لانگھو، رونتی سمیت دیگر علاقوں سے مریضوں نے شرکت کی ۔

کیمپ میں آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح کے طبی کیمپ لگتے رہنے چاہئیں تاکہ غریب اور نادار افراد کو فائدہ ہو سکے ۔ اس موقع پر ملک اتحاد فاؤنڈیشن اوباڑو کے رہنما ملک حاجی ممتاز، نذیر احمد ملک، حاجی عبد المجید ملک، خان محمد ملک نے میڈیا کو بتایا کہ اس مفت طبی کیمپ کا مقصد غریب عوام کو ریلیف دینا ہے تاکہ جو غریب مریض اپنا علاج کرانے سے قاصر ہیں وہ ماہر ڈاکٹروں سے اپنا علاج معالجہ کراسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اوباڑو کے مختلف دیہات میں بھی مفت طبی کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ غریب عوام کو ریلیف پہنچا سکیں ۔

اس موقع پر ملک فاؤنڈیشن اوباڑو کی آفس ورکنگ کمیٹی کے ممبران و عہدیداروں ملک عابد شاہین، ارسلان ملک، علی رضا ملک، عمران خان، صادق ملک،ایڈووکیٹ غلام حسین ملک، جے بی ملک اور دیگر نے مفت طبی کیمپ میں خدمات سرانجام دیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے