حرف کار کے زیراہتمام یادگار محفل مشاعرہ

رپورٹ: وسیم عباس،ثانیہ شیخ


لاہور میں بڑھتی ہوئی خنکی آج کل اِس کی خوبصورتی میں بے پناہ اضافہ کر رہی ہے ایسے اچھے موسم میں اگر لاجواب شاعری سننے اور احباب سے ملاقات کا موقع مل جائے تو اور کیا چاہیے ، جناب سعود عثمانی ہمیشہ سے علمی و ادبی تنظیم حرف کار(عالمی) کے زیر اہتمام لاجواب ادبی محافل سجانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے سعود بھائی اور حرف کار کی بہت متحرک ٹیم جس میں محترم سعود عثمانی ،ڈاکٹر عظمیٰ سلیم،محترم جمیل احمد عدیل ،محترمہ صائمہ آفتاب،بھائی نوید غازی اور محترمہ ثانیہ شیخ شامل ہیں نے آج علمی و ادبی تنظیم حرف کار(عالمی)کے زیر اہتمام اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تعاون سے جوہر ٹاؤن لاہور میں ایک محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا جس کی صدارت نامور سینئر شاعر جناب نذیر قیصر نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی صادق آباد سے تشریف لائے لاجواب شاعر ڈاکٹر کبیر اطہر تھے۔

مہمانانِ اعزاز میں فیصل آباد سے تشریف لائے نامور شاعر انجم سلیمی صاحب اور عارف والا سے تشریف لائے رانا غضنفر عباس صاحب شامل تھے، محفلِ مشاعرہ کی نظامت نوید غازی نے کمال خوبصورتی سے کی۔

اس محفلِ مشاعرہ میں لاہور اور بیرونِ لاہور سے شعرائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، آغاز میں بھائی نوید غازی نےبطور ناظم اپنا شاندار کلام سنایا تو تمام ہی شعرائے کرام نے اس معیار کا خیال رکھا اور بہت عمدہ کلام سنایا ۔

مہمانِ خاص معروف شاعر ڈاکٹر کبیر اطہر جو خاص طور پر صادق آباد سے تشریف لائے، ان کی شاعری نے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔مہمان ِ اعزاز پنجابی اور اردو کے معروف شاعر انجم سلیمی نے بہت خوبصورت کلام سے نوازا ان کی پنجابی نظم تو بہت دلگداز تھی۔ مہمان ِ اعزاز عارف والا سے رانا غضنفر ، ڈاکٹر افتخار الحق، ندیم بھابھہ، کنور امتیاز، وسیم عباس،علیم اطہر،راؤ طاہر ،اسامہ ضوریز ،شاہدہ مجید،روما رضوی، اقراء ،نیلوفر افضل اور حرف کارکے سرپرست سعود عثمانی، نوید غازی، جمیل عدیل ،محترمہ صائمہ آفتاب، ثانیہ شیخ اور ڈاکٹر عنبرین منیر نے اپنے خوبصورت کلام سے نوازا اور بے پناہ داد سمیٹی۔

یہ مشاعرہ حرف کار کی ادبی سرگرمیوں کی لڑی میں ایک اور موتی کا اضافہ ثابت ہوا۔ زمانے بعد ایسی شعری نشست میں شرکت کرنے کا موقع ملا جس میں ایک سے بڑھ کر ایک شاعر موجود تھےاور سب ہی نے کمال اشعار سنائے۔

تقریب کے اختتام پر شاندار ہائی ٹی کا اہتمام بھی کیا گیا۔یہ خوبصورت شعری نشست سجانے پر سعود عثمانی سمیت حرف کار کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔بلاشبہ یہ محفل ہماری یادوں کو تادیر مہکاتی رہے گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے