پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم سرد ہوگیا

ویب ڈیسک : 16نومبر2019
لاہور: اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، ناران، کاغان اور پیرچناسی میں برفباری کا سلسلہ دوسرے بھی جاری رہا۔
لاہور میں صبح سے شروع ہونیوالا رم جھم کا سلسلہ تھم گیا، دو روز سے جاری بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی، آسمان سے گرتے پانی نے سموگ کی شدت بھی کم کر دی، شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ قصور، اوکاڑہ، وہاڑی، منڈی بہاء الدین، ہارون آباد، چشتیاں اور بہاولنگر،رحیم یارخان،صادق آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔
چارسدہ، ٹانک، صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل چھم چھم برسے، شوگران اور ناران میں برف باری سے سردی بڑھ گئی۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر وں کے سامنے سے برف ہٹائی، آزاد کشمیر کے علاقے پیر چناسی میں برفباری کے بعد وادی میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ تین روز سے جاری برفباری نے پارہ مزید گرا دیا۔ سیاح موسم کو انجوائے کرنے کیلئے پہنچنے لگے، گلیات میں بھی موسلادھا بارش نے موسم کو مزید سرد کر دیا۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کراچی میں آج جزوی ابر آلود رہے گا، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 13، لاہور 16، فیصل آباد، 14، ملتان 15، کوئٹہ 3، کراچی 19 اور پشاور میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر لاہور میں رات گئے سے صبح تک وقفے وقفے سے ہونے والی رم جھم سے فضائی آلودگی کی شدت میں وقتی کمی تاہم افق پر اب بھی سموگ چھائی ہے، لاہور کا اوسطاً ائیر کوالٹی انڈیکس 172 ریکارڈ کیا گیا۔
واہگہ کے سرحدی علاقے 334 اے کیو آئی کے ساتھ فضائی آلودگی میں سرفہرست، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا اے کیو آئی 262، پنجاب اسمبلی اور چیئرنگ کراس 253، شملہ پہاڑی اور گردونواح کا ائیر کوالٹی انڈیکس 234 ریکارڈ کیا گیا۔
ڈی ایچ اے کا اے کیو آئی 206، اقبال ٹاؤن 201، کینال روڈ 200، ائیرپورٹ سے ملحقہ علاقوں کا 196، اپر مال 184 اور گلبرگ میں 179 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی سے سرد موسم نے بھی اپنا رنگ جمانا شروع کر دیا، باغوں کا شہر خنک ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، بادل برسنے سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔
دوسری جانب سموگ سے بچاؤ کے لیے شہر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول آج بھی بند رہے، سکولز مالکان نے حکومت سے سموگ کے خاتمے کیلئے مستقل حل ڈھونڈنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی نوید سنا دی ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے