ملک میں کوروناکیسز کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار62 ہوگئی

ویب ڈیسک|19جون2020
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز میں تو اضافہ ہوہی رہا ہے تاہم اب اموات کی تعداد بھی کافی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔
آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 229 تک جاپہنچیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جمعہ (19 جون) کی صبح تک 1885 نئے کیسز اور 64 اموات کا اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں ملک میں ہر روز 130 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔
یہی نہیں بلکہ پاکستان دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 13ویں نمبر پر آگیا ہے۔
اگرچہ ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ سے لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا سے متاثرہ مخصوص علاقے بند کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا۔
فروری کے آخری 4 دن سے لےکر مارچ کے آخر تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات کی تعداد 26 تھی، جس کے بعد اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔
مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔
تاہم جون کا مہینہ اب تک کا سب سے خطرناک ثابت ہوا ہے اور 18 روز کے دوران 90 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا ہے۔
آج (19 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1540 نئے کیسز اور 63 اموات کا اضافہ ہوا۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار و دیگر معلومات کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1540 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جس سے یہ تعداد 61 ہزار 678 تک پہنچ گئی۔اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 افراد کورونا سے لقمہ اجل بھی بن گئے جس سے یہ تعداد 1202 سے بڑھ کر 1265 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 304 نئے مریض جبکہ ایک موت کی تصدیق کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 9 ہزار 941 تک پہنچ گئے۔اسی طرح مزید ایک فرد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا جس سے یہ تعداد 94 سے بڑھ کر 95 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض سامنے آگئے۔ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1213 سے بڑھ کر 1225 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 29 افراد کو اپنا شکار کیا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر میں 29 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 769 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
تاہم ملک بھر میں نئے کیسز او اموات میں اضافے کے باوجود کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 168 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔
ان نئے مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 59 ہزار 215 سے بڑھ کر 61 ہزار 383 ہوگئی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے