اسلام آباد میں "کوئی بھوکا نہ سوئے”پروگرام کا آغاز

اسلام آباد: وزیراعطم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ‘کوئی بھوکا نہ سوئے’ پروگرام کا آغاز کردیا۔پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم نے احساس پروگرام کے محکمے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو ‘کوئی بھوکا نہ سوئے’ پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے کہ مجبوری میں کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے، انہیں صاف ستھرا ماحول دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ سوچا جاتا ہے کہ غریب آدمی کو کسی خاص ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں دھیان رکھنا ہے کہ انہیں صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام میں بہت سے مخیر حضرات شرکت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں اورکوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں۔وزیراعظم کے خطاب سے قبل ایم ڈی بیت المال عون عباس اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ‘کوئی بھوکا نہ سوئے ‘پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔اس پروگرام کے تحت محنت کشوں اور مستحق افراد کو موبائل ٹرکس کے ذریعے کھانا فراہم کیا جائے۔ابتدائی طور پر یہ موبائل ٹرکس اسلام آباد اور راولپنڈی میں چلائے جائیں گے جس کے بعد اس پروگرام کو ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے