ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں:وزیراعلی پنجاب

لاہور(قافلہ نیوز)پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی تقریب ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارمہمان خصوصی تھے۔تقریب میں شریک مہمانوں کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارکو صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو نے پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو اور وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر کو پنجاب کی پگ پہنائی۔اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کے رنگ دل آویز ہیں۔دنیا بھر میں پنجاب کی ثقافت کو پسند کیا جاتا ہے۔پنجاب کی ثقافت کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔دنیا بھر میں پنجابی ہر جگہ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ ثقافت اور روایات کو یاد رکھنا زندہ دلی کی علامت ہے۔ثقافتی تہوار ہر علاقے کی پہچان اور انفرادیت کو ظاہر کرتے ہیں ۔کورونا کے نئے ایس او پیز کے تحت ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر عوام کو تفنن طبع کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔عثمان بزدارنے مزید کہا کہ پنجاب کثیر الجہتی ثقافتوں کا مرکز ہے اور یہی پنجاب کی انفرادیت ہے۔محبت، امن، بھائی چارہ، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں۔ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب کلچرل ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے ۔پنجاب کی ثقافت میں محبت،پیار،خلوص اوربھائی چارے کے خوبصورت رنگوں کی آمیزش شامل ہے۔پنجاب کی مٹی سے پیار، محبت، مہمان نوازی اور اخلاق کی خوشبو آتی ہے۔انہوں نے کہا پنجاب کی ثقافت کو متعارف کرانے میں محکمہ اطلاعات وثقافت کا کردار قابل تحسین ہے۔
تقریب میں وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر،صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آرثمن رائے،ڈی جی پلاک صغریٰ صدف،ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ڈاکٹر اسلم ڈوگر،ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل ذوالفقار زلفی،ایگز یکٹو ڈائریکٹر پکار رضوان شریف،ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجاز منہاس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے