پاکستان سیدھے راستے پر آچکا،اب حکومت کا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے:وزیراعظم

کراچی:وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب سیدھے راستے پر آچکا ہے، جس کے بعد حکومت کا ہدف ملک میں سرمایہ کاری لانا ہے۔کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم (ایس ایل اینڈ ٹی ایس) کا افتتاح کرنے کے بعد اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘جس طرح ماضی میں ہم آگے بڑھ رہے تھے، اپنے صلاحیت کے مطابق اپنی منزل نہیں حاصل کرسکے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم اپنی صلاحیت پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر آگے بڑھتے لیکن ہم آسان راستے پر چلے گئے اور درآمدات پر منحصر معیشت بن گئے’۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے اپنی قوت نہیں پہچانی، انسان میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنے بازو سے بوجھ اٹھاتا رہے تو وہ مضبوط ہوگا اگر انہیں استعمال کرنا چھوڑ دیں تو وہ ناکارہ ہوجائیں گے’۔وزیر اعظم نے کہا کہ ‘قومیں بھی اس طرح ہوتی ہیں جو فیصلہ کرلیں کہ سب کچھ خود کریں گی تو اللہ قوم کو مضبوط کردیتا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اب پھر سے کوشش ہورہی ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، ہم اب 7 ہزار 400 ٹن کو لفٹ کرسکیں گے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ملک غیر ملکی زرمبادلہ بچائیں گے’۔انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان سیدھے راستے پر آچکا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم سے کم ہوچکا ہے اب ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے، منی لانڈرنگ روکنی ہے اور جو چیزیں درآمد کرتے ہیں اس کی اپنے ہی ملک میں پیداوار کرنی ہے’۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے۔وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس دوران وزیر اعظم کو کے پی ٹی کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی جہاں انہوں نے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم سونمیانی بیچ لسبیلا میں شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کریں گے جہاں وہ پودے لگانے والے کارکنوں اور مقامی لوگوں سے خطاب کریں گے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے