ضلع گھوٹکی کی اہم خبریں

اے این ملک سے

ضلع گھوٹکی کی اہم خبریں/پیر24جون2019
رپورٹ: این اے ملک
قافلہ نیوز ڈاٹ کام،گھوٹکی

گھوٹکی اور میرپورماتھیلو سے 15جرائم پیشہ عناصر گرفتار

گھوٹکی: پولیس نے میرپورماتھیلو اور گھوٹکی کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوۓ جوراریوں سمیت 15جرائم پیشہ ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر فرخ علی لنجار کے مطابق ضلع گھوٹکی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں گذشتہ رات پولیس نے میرپورماتھیلو کے علاقے مومل کی ماڑی گاوؤں پیر بخش مہر میں جواء کے اڈا پر چھاپہ مار کر اشفاق احمد، عباس سومرو،صادق کلھوڑو ،نیازحسین ،نثار احمد ،عبدالوہاب ملک،سلطان پتافی سمیت 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 2 کاریں،5 موٹر سائیکلز،5 موبائل فون ،5 تاش کے پیکٹ اور نقدی 37600 روپے برآمد کر کے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ گھوٹکی کے اے سیکشن تھانہ کی حدود قادرپور میں گشت پر معمور پولیس پارٹی نے ایک مشتبہ شخص آصف علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے پستول اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی فرخ علی لنجار کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی

اوباڑو میں سیوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات،گلیاں جوہڑ بن گئیں

اوباڑو :ٹی ایم اے کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اوباڑو شہر میں صفائی کا نظام ابتر، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے جبکہ گٹرابلنے سے سٹرکیں جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیل کے مطابق اوباڑو میں ٹاؤن میونسپل کمیٹی کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث لانگھو روز، ملک کالونی، شیخ محلہ، سولنگی محلہ سمیت متعدد علاقوں میں سیوریج کا گندا پانی گلی محلوں میں جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے جہاں اہل علاقہ کو آمدروفت میں دشواری کا سامنا ہے وہیں گندے پانی سےاٹھنے والے تعفن کے باعث مکینوں کا سانس لینا محال ہوچکا ہے۔شہریوں کے مطابق بلدیاتی نمائندؤں کی جانب سے شہر میں ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے۔ نالیاں اور سیوریج لائن تباہ ہونےسے گلی محلوں میں گندا پانی کھڑا رہنا معمول بن گیا ہے جبکہ کوڑا کرکٹ بھی جمع ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی اوباڑو میں صفائی ستھرائی کی مد میں آنے والے فنڈز کی تحقیقات کی جائیں اور شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنائیں جائیں تاکہ شہری اذیت سے بچ سکیں۔

ضلع گھوٹکی کے مخلتف علاقوں میں دھان کی فصل تلف کردی گئی

گھوٹکی:ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو رضوان نظیر نے محکمہ زراعت کے عملداروں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ گاؤں حیات پتافی، شیر خان کولاچی اور گڑہی میں چھاپے مارکر دھان کی فصل کو زہریلی اسپرے اور ٹریکٹر کے ذریعے ختم کردیا ہے. اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد خالد سلیم کا کہنا ہے کہ دھان کی فصل پر حکومت سندھ نے کئی سالوں سے پابندی عائد کی ہوئی ہے اور آبادگار بھی اچھی طرح باخبر ہیں اس کے باوجود بھی اگر کوئی دھان کی ممنوعہ فصل کاشت کرے گا تو پھر ضلعی انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دھان کی فصل نہ صرف زرعی زمینوں کی تباہی کا سبب بنتی ہے بلکہ سیم کی وجہ سے گھروں کو بھی متاثر کرتی ہے اس لئے آبادگاروں کو چاہیے کہ وہ اپنا نقصان نہ کریں۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں کا جائزہ لیکر دھان کی فصل کی تلفی کے خلاف آپریشن کریں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے