مینڈکوں نے پنجاب پولیس کو قانون کی کتب پڑھنے پر لگادیا

ویب ڈیسک : 22ستمبر 2019
لاہور: مینڈکوں نے پنجاب پولیس کو قانون کی کتب پڑھنے پر لگادیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کی حدود سے پولیس نے دو ایسے ملزمان کو حراست میں لیا جو رکشہ پراپنے ساتھ مینڈکوں کی بڑی تعداد لے کر جارہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے جب مینڈکوں کا وزن کیا تو وہ پانچ من نکلا۔ مینڈکوں کی اتنی بڑی اور بھاری مقدار دیکھ کر پولیس کو شک ہوا اور وہ ملزمان کو بمعہ مینڈکوں کے اپنے ہمراہ تھانہ لے آئی۔تھانے لانے کے بعد پولیس اہلکاروں نے جب اپنے اعلیٰ حکام کو کارنامے کی بابت بتایا تو انہیں معلوم ہوا کہ ملکی قوانین کے تحت مینڈکوں کی برآمدگی ہونے سے متعلق مقدمہ درج کرنے کے لیے کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے اس سلسلے میں قانون کی شق معلوم کرنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے بھی رابطہ کیا تو اسے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہاں سے بتایا گیا کہ مینڈک سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق برآمد ہونے والے مینڈکوں میں مردہ اور زندہ دونوں اقسام کے مینڈک شامل ہیں اور وہ گزشتہ شب سے تھانے میں موجود ہیں جب کہ مینڈک لے جانے والے ملزمان حوالات میں بند ہیں۔
پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس ضمن میں مؤقف اپنایا ہے کہ وہ مینڈکوں کو میڈیکل کالجوں کو فراہم کرنے کے لیے اپنے ہمراہ لے جارہے تھے جہاں طلبا و طالبات نے ان پر تجربات کرنے تھے۔
ڈی ایس پی شاہدرہ نے ملزمان کی حراستگی اور مینڈکوں کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ ملزمان کے خلاف کیا کارروائی کی جائے، اس ضمن میں جلد فیصلہ کرلیں گے۔
ماہرین سماجیات کے مطابق پہلے مجرمان اور ملزمان ہی پنجاب پولیس کو اپنی حرکتوں سے چکرا کر رکھتے تھے لیکن اب اس فہرست میں مینڈک بھی شامل ہوگئے ہیں البتہ ملزمان سے یہ ضرور معلوم کرنا چاہیے کہ انہوں نے پانچ من مینڈک کہاں سے اور کتنے عرصے ٰمیں پکڑے تھے؟ کیونکہ انہیں پکڑنا بھی جان جوکھوں کا کام سمجھا جاتا ہے۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق یہ عام مینڈک ہیں جنہیں پکڑنے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاسکتی-پولیس نے زندہ مینڈک دوبارہ دریائے راوی میں چھوڑ دیئے ہیں اور ملزموں کو بھی رہا کردیا تاہم پولیس کی طرف سے مینڈک پکڑنے کی خبر سامنے آنے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کو بحث کےلئے ایک نیاموضوع مل گیا ہے اور سوشل میڈیا پر مینڈک،پولیس اور لاہور کے حوالے کھانوں کے حوالے سے دلچسپ پوسٹیں اور تصاویر شئیر کی جارہی ہیں-

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے