بارش کے باعث سٹیڈیم میں پانی جمع،پاک سری لنکا میچ منسوخ

ویب ڈیسک : 27ستمبر 2019
کراچی: کراچی میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے شہر میں 10 سال بعد ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ منسوخ کردیا گیا۔کراچی میں جمعہ کی دوپہر کو ایک مرتبہ پھر بادل جم کر برسے اور ایک گھنٹے سے زائد ہونے والی تیز بارش سے نیشنل اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ اور اطراف میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا۔بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج ہونے والے میچ کا ٹاس بھی نہیں ہوسکا اور میچ منسوخ کردیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں موجود انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کی کوشش کی کی گئی لیکن باؤنڈری لائن کے اطراف بہت زیادہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے میچ شروع نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز آج سے ہونے جارہا ہے اور اگر یہ میچ ہوجاتا ہے تو کراچی 10سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔
مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد پاکستان کو اپنی تمام انٹرنیشنل سیریز بیرون ملک کھیلنی پڑی تھیں۔
اس جمود کا پہلی مرتبہ خاتمہ اس وقت ہوا تھا جب 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یہ تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔
بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا داخلی راستہ تالاب کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ پچ کو مکمل طور پر ڈھانپ دیا گیا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود ہیں جبکہ مسلسل بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کےمیڈیا باکس کی چھت ٹپک رہی ہے۔
۔دوسری جانب نو منتخب کوچ کم چیف سیلکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف میدان میں اترنے والی ٹیم ترتیب دے دی ہے۔سرفراز الیون کے سلامی بلے باز فخر زمان اپنی فارم کو بحال کرنے کے لئے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے اس سیریز کے دوران تیز ترین سینچری بنانے کو اپنا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے