بزدار نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا:فردوس عاشق اعوان

لاہور(قافلہ نیوز،25نومبر2020) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دو سال کے دوران مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی اور پنجاب اسمبلی سے 58 بل پاس کروائے۔ منتخب ممبران کی پہلی ذمہ داری عوام کو قانونی تحافظ فراہم کرنا ہے جس پر تحریک انصاف کی حکومت نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے قانون سازی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں صحت اور تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات کر رہے ہیں۔ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود حکومت نے صحت اور تعلیم کے پراجیکٹس پر سرمایہ کاری کی۔ پنجاب میں 9 ہسپتالوں جبکہ 7 یونیورسٹیز پر کام شروع کیا گیا جوتکمیل کے قریب ہے۔ مستحق افراد کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی جانب سے انصاف میڈیسن اور صحت انصاف کارڈ پروگرامز کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی قیادت میں ہرشعبہ زندگی میں بہتری لانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پرکام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے 60سال سے زائدعمرکے بزرگوں کوماہانہ پنشن کی فراہمی جیسے منصوبے شروع کر کے عوام دوستی کاثبوت دیا۔ معاون خصوصی نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے کہا کہ صف مرگ کو سیاست زدہ کرنے والی لیگی ترجمان کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے۔جس جنازے کا ابھی اعلان نہیں ہوا اس میں شرکت کیلئے وزیراعلی نے پیرول پر رہائی کافیصلہ انسانی ہمدردی میں کیا جس کیلئے کابینہ کی خصوصی منظوری حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی اپنے فرائض سے باخوبی واقف ہیں اور وہ بروقت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ میاں نواز شریف کو حرف تنقید بنانے ہوئے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ حکومت میں ہوتے ہوئے ذاتی عیاشیوں کیلئے چارٹرڈ طیارے استعمال کرنے والوں کو والدہ/دادی کے جسدخاکی کوکارگو کرتے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جیل میں ہیں انکی رہائی کیلئے واویلا کیا جارہا ہے اور جو آزاد ہیں انہیں جنازے میں شرکت کی توفیق تک نہیں۔ حد ہوتی ہے منافقت اور اپنی والدہ کی بے توقیری کی۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے