کچہ میں رات گئے ڈاکوؤں کے خلاف بڑاآپریشن شروع

راجن پور،رحیم یار خان (قافلہ نیوز رپورٹ)دریائے سندھ سے ملحقہ کچہ ایریا میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف رات گئے بھر پور آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آپریشن کی کمانڈ پنجاب رینجرز کر رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے دستے گزشتہ سے پیوستہ رات ضلع راجن پور، روجھان عمر کوٹ، کشمور اور سردار پور بستی کھروڑ کے راستے کچے میں داخل ہونا شروع ہو گئے تھے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ضلع رحیم یار خان پولیس نے آباد پور، بنگلہ دلکشا، بنگلہ اچھا، بھونگ، ماچھکہ، کوٹسبزل، جمال دین والی سمیت 12 مقامات پر پکٹنگ لگا دی ہیں جہاں پر جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز فورس تعینات ہے جو کچے سے نکلنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری یا مقابلے میں رینجرز کی معاونت کرے گی ۔ذرائع کے مطابق کچہ ایریا میں رات گئے آپریشن شروع ہوچکا جو کچہ میں قائم ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کے خاتمے اور ڈاکوؤں کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔آر پی او بہاولپور زبیر خان دریشک بھی رحیم یارخان میں پہنچ چکے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال نے ملتان، ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور ڈویژن کے آر پی اوز سے ویڈیو لنک کانفرنس کی اور کچے کی صورت حال کا جائزہ لیا۔انہوں نے آئی جی پنجاب کی طرف سے ضروری ہدایات بھی دیں۔ کچہ آپریشن اور رینجرز کی آمد کی اطلاعات پر کچہ میں موجود مقامی زمینداروں، کاشتکاروں کی طرف سے خوشی کا اظہار اور آپریشن کی بھرپور کامیابی اور فورسز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اہلکار علی رضا کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ زخمی اہلکار کو روجھان ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ آپریشن میں رینجرز ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شریک ہیں۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے