کورونا:ملک میں8ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ کیس رپورٹ

اسلام آباد: ملک میں کورونا سے مزید 63 افراد انتقال کرگئے اور 4300 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جو 8 ماہ بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42418 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4368 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 63 ہلاکتیں ہوئیں۔پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز گزشتہ سال کورونا کی پہلی لہر میں 3 جولائی کے بعد سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔گزشتہ سال 3 جولائی کو ایک دن میں کورونا کے 4087 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4368 کیسز سامنے آئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.29 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14091 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 45356 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 40120 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2170 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 591145 ہوگئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 264062 ہوگئی ہے جب کہ 4486 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 207765 ہے اور 6142 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19427 اور ہلاکتیں 205 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 82677 اور 2260 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 12095 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 340 افراد انتقال کرگئے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4983 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 54347 ہے اور اب تک 555 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
ادھرپنجاب کے سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کے آئی سی یو 95 فیصد بھر گئےہیں۔نبیل اعوان نے کہا کہ میو اور سروسز اسپتال کو 30 نئے وینٹی لیٹرزفراہم کررہے ہیں، کورونا کی تیسری لہر میں زیادہ ترمریض آئی سی یو میں آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں لاہورکے تمام اسپتالوں کےایم ایس آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے جبکہ محکمہ صحت کے دفاتر ساتوں روز کام کریں گے۔
بلوچستان میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کی شرح میں اضافہ ہوگیا اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 32 نئے مریض سامنے آ ئے ۔محکمہ صحت کے مطابق جمعرات کو صوبے میں 699 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کوئٹہ سے 23،خضدار سے 4،کیچ سے2 جب کہ مستونگ ،پنجگور اور خاران سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا کے پھیلاؤکی شرح بڑھ کر 4.5 فیصد ہوگئی جب کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار427ہوگئی ہے، اس کےعلاوہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 205 ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران 32نئے مریض سامنے آئے اور کورونا میں مبتلا 17مریض صحت یاب ہوگئے جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19003ہوگئی۔ذرائع کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں 38 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2 طلبا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے